ایک نیوز :تحریک انصاف کے جلسے سے قبل ضلعی حکومت نے مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باجود انتظامیہ کا جلسہ گاہ میں پانی چھوڑنا قابل مذمت ہے ،حکومت نے جلسے کو ناکام بنانے کے لیے ایک طرف بدترین کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے اور دوسری طرف جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا ہے ، اس طرح کے اقدامات نام نہاد حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ضلعی حکومت نے پنجاب حکومت کے کہنے پر مینار پاکستان پر پانی چھوڑا ہے، اس حرکت سے ثابت ہوگیا ہے کہ نگران حکومت وفاقی حکومت کی کٹھ پتلی ہے ۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم پھر انہوں نے جلسے کی تبدیل کی ۔تحریک انصاف کو لاہور انتظامیہ کی طرف سے25تاریخ کو جلسے کی اجازت بھی مل گئی تھی ۔
جلسے کے حوالے سے پیغام میں عمران خان نے کہا تھا کہ ہم مل کر جدوجہد کریں گے اور ملک کو بچائیں گے۔ پچھلے 12 سال میں مینار پاکستان پر چھٹا جلسہ کروں گا، لاہوری ابھی سے جلسے کی تیاری شروع کردیں۔
عمران خان نے کہا کہ مینار پاکستان جلسے میں قوم کو بتاؤں گا کہ پاکستان کے مسئلہ کا حل کیا ہے کیسے قوم کو آزادی دلا سکتے ہیں بتاؤں گا کیسے جدوجہد کرنی ہے۔ اگر آزاد اور خود مختار ملک بنانا ہے تو بتاؤں گا ہمیں کیا کرنا ہے، جدوجہد میں مل کر مقابلہ کریں گے تو پاکستان کا حقیقی مطلب حاصل ہوگا۔