ایک نیوز :نادرا نے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرا دی۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کے مطابق ایپ کے ذریعے شہری شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کیلئے تمام کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں، شہری شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔
طارق ملک نے کہا کہ یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کے لئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی، موبائل ایپ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی۔
چیئرمین نادرا کے مطابق تصویر، فنگر پرنٹس اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کر سکتے ہیں، یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین نادرا کے مطابق پاکستان ایک سے زیادہ بائیومیٹرک اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرانے والا پہلا ملک بن چکا ہے، ایپ کی تیاری میں کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
طارق ملک نے بتایا کہ موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے، شہری ضروری دستاویزات موبائل ایپ کے ذریعے اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔