ایک نیوز : لاہور: پنجاب حکومت نے عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام پر جوڈیشل کمیشن بنادیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کے معاملے میں صرف پنجاب حکومت کا عمل دخل نہیں،الیکشن کاتعین کر نے میں بہت سے ادارے کارفرماں ہوتے ہیں،سوچ سمجھ کر ہی فیصلہ کیاگیا ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزاراقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں،انہوں نے الزام لگایا ہے اس کی تحقیقات کر کے کارروائی ہونی چاہیے۔پولیس پر الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنادیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے الیکشن نہیں لڑنا،سیاست نہیں کرنی لیکن لوگوں کی فلاح وبہبود کا کام ضرور کرنا ہے۔5 ارب روپے صرف رمضان بازار لگانے پر خرچ آرہا تھا۔گزشتہ برس ٹینٹ کا کرایہ 2ارب 40کروڑ تھا، اب یہ سارامالی فائدہ عوام کو پہنچانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ پہلے لینڈ کروزر والے کو بھی امدادی نرخ پر آٹا مل رہا تھا،اب صرف مستحقین کو مفت دیں گے۔عوام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مفت آٹے کیلئے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔چپ کے بغیر شناختی کارڈ والوں کو رجسٹر پر اندراج کر کے آٹادینے کے احکامات پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے۔شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آٹے کے حصول کیلئے کمپیوٹر اورسسٹم پر اندراج یقینی بنایا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں چندر وز میں 50لاکھ آٹے کے بیگز مستحقین میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔فری آٹے کی تقسیم یقینی بنانے کیلئے میں خود جاکر فیلڈ میں جائزہ لے رہا ہوں۔ صوبائی وزراء اظفر علی ناصر۔ عامر میر ،سیکرٹری اطلاعات علی نواز ملک،سیکرٹری اوقاف طاہر رضا، سی سی پی او لاہور کمشنر لاہور۔ ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عمران خان پولیس والوں کو برا بھلا بھی کہہ رہے ہیں پھر سکیورٹی بھی مانگ رہے ہیں، عمران خان کا پولیس والوں کو گالم گلوچ و دھمکیاں غلط بات ہے۔