ایک نیوز: سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے نے آئینی بحران پیدا کر دیا ہے، آئین واضح ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہونگے۔
سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا امتحان ہے کہ وہ بہروپیوں کی غیرآئینی غیرقانونی حکومت کو چلنے دیتی ہے یا ان پرآرٹیکل 6 لگاتی ہے، چیف جسٹس کہہ چکے ہیں شفاف انتخابات میں بدنیتی ہوئی تو مداخلت کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نگران حکومت کی اب کوئی حیثیت نہیں، پاکستان میں کٹھ پتلی تماشہ لگا ہوا ہے، ملک منجدھار میں پھنس گیا ہے، 13 کا ٹولہ تباہی اور بربادی کی علامت بن گیا ہے، ملک میں اشرافیہ موج کریگی اورغریب ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر جائے گا۔آئی ایم ایف کی 3 میٹنگز ناکام ہوگئی ہیں، عالمی مالیاتی فنڈز اور دوست ممالک سب کی طرف سے جھنڈی ہے، پٹرول کی سبسڈی کا ڈرامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔