ژالہ باری سے فصلوں کی پیداوار میں بڑی کمی

ژالہ باری سے فصلوں کی پیداوار میں بڑی کمی

ایک نیوز: پنجاب میں ژالہ باری سے گندم کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی کے خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق  پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اور اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی فصل گندم کی ہے۔کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین ملک خالد کھوکھر  کا کہناہے کہ ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی حالیہ ژالہ باری سے فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔ ژالہ باری سے متاثر ہونے والے علاقوں میں منڈی بہاؤالدین، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز کے کئی شہر شامل ہیں۔
ملک خالد کھوکھر   کا کہنا ہے کہ ان شہروں میں اولوں اور شدید بارش سے سب سے زیادہ نقصان گندم کی تیار فصل کو پہنچا ہے۔  ان کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی فصلیں متاثر ہوئی ہیں لیکن وہ نقصان جزوی تھا۔
خالد کھرل نے ژالہ باری کے باعث پہنچنے والے نقصان سے متاثرہ علاقوں میں گندم کی پیداوار میں اوسطاً 50 فیصد کمی کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ جن علاقوں میں شدید ژالہ باری اور بارش ہوئی ہے وہاں سبزیاں اور باغات بھی متاثر ہوئے ہیں، جن میں آم اور الائچی کے پھل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔