ایک نیوز: افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کوچ کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات جانے سے معذرت کرلی۔ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت ناساز ہے اور سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔
محمد یوسف کی عدم موجودگی میں ہیڈ کوچ عبدالرحمان ہی بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ پی سی بی نے ہیڈ کوچ کیلئے محمد یوسف کے نام کا اعلان کیا تھااور اگلے دن عبدالرحمان کو ہیڈ کوچ بنادیا اور محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ برقرار رکھا۔
عبدالرحمان پاکستان اور افغانستان سیریز کے بعد پاکستان اے ٹیم کے ہیڈ کوچ بن جائیں گے، صبیح اظہر کو بنگلہ دیش کے دورے کیلئے قومی اے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جا رہا ہے جبکہ سابق ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کا منیجر بنایا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی متحدہ عرب امارات میں بات چیت چل رہی ہے انہیں اماراتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تجویز ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 24 مارچ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا میچ 26 اور 27 مارچ کو شارجہ میں ہی شیڈول ہے۔