ایک نیوز: کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی ہلکی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، زیریں سندھ ،بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔بلوچستان کے شمالی اورشمال مشرقی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔چترال، سوات، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ ،ایبٹ آباد ،بالاکوٹ، کوہاٹ ،کوہستان، پشاور،نوشہرہ، ہری پور، مردان ، کرم ، وزیرستان ،ڈی آئی خان اور بنوں میں آندھی / تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔مری ،گلیات، خطہ ٔپوٹھوہار، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، بہاولنگر ، شیخوپورہ، حافظ آباد، لاہور،قصور ،گجرات ، نارووال ، سیالکوٹ،میانوالی ، سرگودھا، بھکر ، لیہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور،ملتان، ساہیوال ،اوکاڑہ اور خانیوال میں آندھی /تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ ژوب،بارکھان،سبی،جعفرآباد، نصیرآباد،زیارت،چمن،پشین،جیوانی، لسبیلہ، دالبندین، قلات، خضدار،تربت ، آواران، پنجگور ،کیچ ،گوادر ، پسنی اور مکران میں آندھی / تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ کے شمالی اورشمال مشرقی علاقوں میں موسلادھار بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں آج علی الصبح ایک بار پھر ہلکی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جہاں ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، نیو کراچی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی تیز بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، کورنگی، اختر کالونی، ڈیفنس اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی تیز بارش ہوئی۔شہر کےمختلف علاقوں میں کہیں دھوپ نکلی ہوئی ہے تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہےکہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیراثرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ دن بھر وقفے وقفے سے بادلوں کی تشکیل ہوتی رہےگی جس سے کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان رہےگا۔موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ کل سسٹم پنجاب اور کے پی کے کی جانب بڑھ جائےگا اور سندھ میں کل سےبارش کا امکان کم ہوجائےگا۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہےکہ بحیرہ عرب سے مزید بادل شہر کی جانب آرہے ہیں، آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونےکا امکان ہے، شہرکے مغربی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان زیادہ رہےگا، بادلوں کا پھیلاؤ زیادہ ہونےکے باعث مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔