پاکستانی شہریوں اورغیرملکیوں کاتحفظ ریاست کی اولین ترجیحات ہیں،وزیراعظم

Jun 23, 2024 | 20:42 PM

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف نےکہاہےکہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور ماڈل جیل، سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

  اجلاس میں اسلام آبادمیں قومی سہولت مراکز ، منشیات اور دھماکہ خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم شدہ K-9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نےہدایت کی کہ اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی جائے، اسلام آبادمیں ماڈل پرزن میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فرانزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس سےخطاب کرتےہوئےوزیراعظم شہبازشریف کاکہناتھاکہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے، اسلام آباد میں تمام سیکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

مزیدخبریں