ایک نیوز:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پر پیغام میں کہا کہ آج حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔
مریم نوازنے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے محنت ، لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں،زندگی دیانتداری اور لگن کے ساتھ خدمت کے لیے وقف کرنے والے لوگ قابل تحسین ہیں۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، پنجاب حکومت عوام کی خدمت اور انکی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی بنیادی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے، پنجاب حکومت عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔