وائٹ ہاؤس کے اعلامیے پر وزیردفاع کا سخت رد عمل 

Jun 23, 2023 | 17:40 PM

ایک نیوز :وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کا ورثہ امریکا کی وجہ سے ملا، امریکا خطے میں خود دہشت گردی کا ناسور چھوڑ کرگیا، پاکستان آج بھی اس سے نبرد آزما ہے، آج بھی ہمارے فوجی جوان شہید ہورہے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور نریندر مودی کی ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس اعلامیہ پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں کہا کہ امریکی صدر یا وائٹ ہاؤس کو اعلامیہ جاری کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا، واشنگٹن نے ہی گجرات میں دہشت گردی پر مودی کا ویزا بند کردیا تھا، آج دہائیوں کے بعد ایک دہشت گرد کی درخواست پر دہشت گردی کی درخواست کی جارہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل، خواتین کی عصمت دری کی گئی، مودی کے ہاتھ اس وقت بھی خون سے رنگے  تھے اور آج بھی ہیں، آج بھی کشمیری مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کا ورثہ امریکا کی وجہ سے ملا، امریکا خطے میں خود دہشت گردی کا ناسور چھوڑ کرگیا اور پاکستان آج بھی اس سے نبرد آزما ہے، آج بھی ہمارے فوجی جوان شہید ہورہے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا کو دہشت گردی کا پس منظر یاد رکھنا چاہیے، خطے میں دہشت گردی کا بیج بونے میں امریکا کا بھی کردار ہے اور بھارتی حکمران دہشت گردی کو پروان چڑھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں