توشہ خانہ کیس قابل سماعت ، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

Jun 23, 2023 | 16:15 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں چار مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل خواجہ حارث جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل ایڈووکیٹ امجد پرویزعدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی ریفرنس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری ریفرنس کو قابل سماعت قرار دیا تھا جسے چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ ایشو 120 دن والا ہے، اس کو دیکھ لیتے ہیں۔ توشہ خانہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی سمیت دیگر درخواستوں پر پانچ جولائی کو دلائل جاری رہیں گے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ڈی جی خان کرپشن کیس اور ساہیوال میں سڑک تعمیر کرپشن کیس میں ضمانتیں 26 جون تک منظور کرلی ہیں۔عدالت عالیہ نے پچاس پچاس ہزار کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی اور پراسیکیوشن کو 26 جون کےلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

مزیدخبریں