ایک نیوز: بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے جانے والے اوشین گیٹ آبدوز ٹائٹن میں سوار شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کی اموات پر داؤد خاندان کا ابتدائی بیان سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی نژاد تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہونے والے آبدوز کو تلاش کرنے کی کوششوں میں شامل تمام افراد کے شکرگزار ہیں۔
شہزادہ داؤد کے والدین حسین اور کلثوم داؤد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آبدوز ٹائٹن کے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام لوگوں کی انتھک کوششیں ہمارے لیے طاقت کا باعث بنی تھیں، ہم ان تمام افراد کے بھی مشکور ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
— Dawood Foundation (@DawoodTdf) June 22, 2023
انہوں نے لکھا کہ ہمیں ملنے والی بے پناہ محبت اور حمایت اس ناقابل تصور نقصان کو برداشت کرنے میں مدد کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہزادہ داؤد اور سلیمان کی آخری رسومات کی تفصیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور برطانوی وزارت خارجہ سمیت سرکاری حکام اور دوستوں کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ ٹی وی چینلز نے شہزادہ داؤد اور سلیمان سے متعلق خبریں شائع کرنے کے لیے اپنی معمول کی نشریات کو روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سیاحوں کو لے کر جانے والی آبدوز کمپنی ’اوشین گیٹ‘ نے آبدوز میں موجود پانچوں مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔