عرب نیوز کے مطابق 81 سالہ ولی عہد مشعل الاحمد الجابر الصباح نے اپنے ٹی وی خطاب میں کہا کہ انہوں نے قومی اسمبلی کو قانون کے مطابق تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کا فیصلہ کیا ہے، ہم نہ تو انتخابات کے عمل میں مداخلت کریں گے اور نہ ہی نئے اسپیکر کے انتخاب پر اثر انداز ہوں گے۔
ولی عہد نے مزید کہا کہ خطے کی بدلتی صورت حال کے تناظر میں نئی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے، کویت کے شہری مقننہ اور ایگزیکٹو اداروں کے کام سے مطمئن نہیں ہیں۔
کویت کے ولی عہد نے ملک میں فوری الیکشن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کویتی کابینہ نے دو ماہ قبل پارلیمنٹ سے اختلافات کے باعث استعفیٰ دیدیا تھا اور ملک میں نئے انتخابات کے لیے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر مہم بھی چلائی تھی۔
کویت میں 50 رکنی پارلیمنٹ کا بنیادی کام قوانین کی منظوری، منسوخی، وزرا سے پوچھ گچھ ہے اور عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنا ہے تاہم حتمی فیصلہ امیرِ کویت کا ہی ہوتا ہے۔