قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 12ہزار 513 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 268 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.14 فیصد رہی۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 75 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کے بعد حکومت نے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں، حالات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ملک کی وفاقی و صوبائی قیادت سر جوڑ کربیٹھ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فورم کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہریوں کی ویکسین کی مہم تیز کی جائے کیونکہ یہ کرونا وائرس سے دفاع کے لیے اہم ہتھیار ہے۔
گزشتہ مہینوں میں روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ میں کمی کردی گئی تھی جس میں ایک بار پھر اضافہ کردیا جائےگا، تاکہ ملک بھر میں وبا سے متاثر افراد کی تعداد کا جائزہ لیا جاسکے۔