ایک نیوز:صدر مملکت آصف علی زرداری سے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میردوف نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے ترکمانستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر زور دیا ،آصف علی زرداری نے ترکمانستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں کا تبادلہ دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی باہمی خواہش کا مظہر ہے، ترکمانستان کو گوادر بندرگاہ کو علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔
آصف علی زرداری نے دونوں ممالک میں تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ترکمانستان کے طلباء پاکستان کے طبی اداروں سے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔
ترکمان وزیرخارجہ راشد میردوف نے دونوں برادر ممالک کو ملانے کیلئے موٹر ویز اور ریلوے کی تعمیر پر زور دیا ۔
اس موقع پر راشد میردوف کا کہنا تھا پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں، ترکمانستان پاکستان کے ساتھ اقتصادی، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کا فروغ جاری رکھے گا۔