پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور مکمل

پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور مکمل
کیپشن: The third round of bilateral political consultations between Pakistan and Turkmenistan has been completed

ایک نیوز: پاکستان اور ترکمانستان میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور مکمل ہوگیا۔ 

ترجمان  دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور آج وزارت خارجہ میں منعقد ہوا پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے قیادت کی ، ترکمانستان کی جانب سے قیادت وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوو نے کی ۔ 

ترجمان دفتر  خارجہ کے مطابق فریقین نے پاکستان ترکمانستان کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا ،ان تعلقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، روابط اور عوام سے عوام کے روابط شامل ہیں،تعلقات کی مثبت رفتار کو نوٹ کرتے ہوئے فریقین نےقیادت کی سطح پر اعلیٰ سطح مذاکرات و تبادلوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ،دونوں فریق دو طرفہ مذاکرات کے طریقہ کار کو بھی مستحکم بنائیں گے ۔ 

فریقین نے سیاسی، اقتصادی و دفاعی شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون میں وسعت اور گہرا کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترجیحی شعبوں میں قریبی اقتصادی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا،فریقین نے ٹی اے پی آئی  پائپ لائن، اور ٹی اے پی  بجلی کی ٹرانسمیشن  لائن کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔   

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان کی حقیقی صلاحیت کے مطابق دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، انہوں نے اس سلسلے میں ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا، فریقین نے کاروباری افراد کی سہولت کے لیے ویزا نظام کو آزاد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،دونوں فریقوں نے دوطرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ،  ثقافتی تبادلوں، تعلیمی وظائف بشمول سفارت کاروں کی تربیت اور عوامی سطح کے رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ۔ 

فریقین نے اقوام متحدہ،  ای سی او سمیت کثیر الجہتی ترتیبات میں دو طرفہ تعاون اور بات چیت میں استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا اعادہ کیا، افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔