ایک نیوز:وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالآخر آج 9 مئی کے واقعہ میں سہولت کاری اور منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ تشدد اور شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے، انہوں نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی، 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کئے، کور کمانڈر ہاؤس کے باہر عمران نیازی کے خاندان کے لوگ موجود تھے جو حملوں کی ہدایات دیتے رہے، زمان پارک دہشتگردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا جہاں پٹرول بم تیار کئے جاتے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی تھی ۔
آئی ایم ایف کو خط لکھنے، ملک کو ڈیفالٹ کرانے، سائفر لہرانے کی سازش سے لے کر شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کر سکے، اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے ۔