سکاٹش فاسٹ باؤلر چارلی کیسل نے ون ڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

سکاٹش فاسٹ باؤلر چارلی کیسل نے ون ڈے کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا
کیپشن: Scottish fast bowler Charlie Castle has set a new record in ODI cricket

ویب ڈیسک: سکاٹ لینڈ کے فاسٹ باؤلر چارلی کیسل نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 

سکاٹش فاسٹ باؤلر چارلی کیسل نے اومان کیخلاف  کھیلے گئے میچ میں اپنے ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقہ کے باؤلر کگیسو ربادا کا 6 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 

جنوبی افریقہ کے باؤلر کگیسو ربادا کے پاس 2015 سے یہ ریکارڈ تھا جنہوں نے جولائی 2015 میں بنگلہ دیش کیخلاف  اپنے ون ڈے ڈیبیو پر 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

چارلی کیسل نے ڈنڈی میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ میں عمان کے خلاف 5.4 اوورز میں 21 رن دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ 

کیسل کو 15 جولائی کو عمان کے خلاف میچوں کیلئے اسکاٹ لینڈ کی ٹیم میں فاسٹ باؤلر کرس سول کے متبادل کے طور پر شامل کیا گیا تھا جو ذاتی وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں تھے۔

کیسل کی 21 رنز کے عوض 7 وکٹوں کی بدولت سکاٹ لینڈ نے عمان کو 21.4 اوورز میں 91 رنز پر آؤٹ کر دیا اور 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر کے میچ میں کامیابی سمیٹ لی۔