ایک نیوز: سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف سے پاکستانی تاجروں نے جدہ میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بزنس کمیونٹی کے وفد نے پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکرٹری و ملک گروپ آف کمپنیز چیف ایگزیکٹو ملک منظور حسین اعوان کی قیادت میں ملاقات کی۔ بزنس کمیونٹی کے وفد میں ملک محمد عاشق، حیات خان، رانا محمد اشرف شریک تھے۔ صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سعودی عرب حافظ امان اللہ، فدا محمد اور محمد شہباز مغل بھی شامل تھے۔
وفد نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کا خیرمقدم کیا۔ نواز شریف نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا سرمایہ ہیں۔
بزنس کمیونٹی کا کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اور انشاءاللہ آئندہ بھی ہوگا۔ کمیونٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قائدانہ اور مدبرانہ ویژن نے ملکی معاشی صورتحال کو دلدل سے نکالا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے وفد کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں اوورسیز پاکستانیوں اور بزنس کمیونٹی نے معیشت کو سنبھالا دیا ہے۔