ایک نیوز: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل جیت لیا۔بھارت کی اے ٹیم353رنزکا پہاڑ عبور نہ کر سکی اور 224رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ایمرجنگ ایشیاء کپ 2023 کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے ٹیم کو تر نوالہ بناتے ہوئے فائنل میں بھاری مارجن سے شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی کے ساتھ دفاع کرلیا۔ قومی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ ایمرجنگ ایشیا کپ ٹائٹل جیت گئی۔
بھارت اے ٹیم کے ابھیشیک شرما 61 اور یش دھل 39 رنز بناکر نمایاں رہے، سائی سدھارسن 29، ریان پراگ 14 اور ہرشیت رانا نے 13 رنز بنائے۔ نکن جاس اور راج وردھن 11، 11 رنز بنا سکے جبکہ دھرو جریل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان شاہینز کے سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کے مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا۔ ارشد اقبال، مہران ممتاز اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مبصر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان شاہینز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 352 رنز بنائے، طیب طاہر نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ان کی 71 گیندوں کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
خیال رہے کہ بھارت اے نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان شاہینز کے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔
دونوں اوپنرز نے سنچری پارٹنر شپ بناتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، صائم ایوب نے 43 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے ففٹی اسکور کی جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستان شاہینز کے صاحبزادہ فرحان 65 اور صائم ایوب نے 59 رنز بنائے، عمیر بن یوسف اور مبصر خان نے 35، 35 رنز بنائے۔
بھارت اے کے راج وردھن اور ریان پراگ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ہرشیت رانا، مانو وسوتھر اور نشانت سندھو نے ایک ایک کھلاڑی وک آؤٹ کیا۔