ایک نیوز: بھارتی پولیس اہلکار اپنے ہی تھانے پر کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے احتجاج کے طور پر سڑک کے درمیان لیٹ گیا جس سے ٹریفک جام ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز جالندھر شہر میں پولیس اہلکار نے اپنے ہی تھانے کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر کرپشن اور پیسے لے کر چوروں کو چھوڑنے کے خلاف احتجاج کیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار احتجاج کے طور پر ہائی وے پر لیٹ گیا جس سے بری طرح ٹریفک جام ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ پولیس اہلکار ایک شخص کو گرفتار کر کے بھوگ پور تھانے لے گیا تھا، تاہم اگلے دن اس شخص کے بارے میں پوچھنے پر ساتھی اہلکار اسے تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر اس نے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار نے ہائی وے پر گاڑیاں روکیں اور ٹریفک روکنے کے لیے ہائی وے کی 4 لین میں رسی بھی باندھی تاہم ایک ساتھی پولیس اہلکار کے ڈانٹنے پر رسی کھولنے کے بعد پولیس اہلکار ایک بس کے سامنے لیٹ گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھوگ پور پولیس اسٹیشن کے انچارج نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار اُس شخص کو جھگڑے کے معاملے پر تھانے لایا تھا جس کے بعد اس شخص نے ضمانت کی درخواست دی تو اسے رہا کر دیا گیا۔