کسی کو پتہ نہ چلا ، خاتون کی لاش ڈھائی سال بعد فلیٹ سے برآمد 

Jul 23, 2022 | 16:29 PM

ایک نیوز نیوز: برطانوی خاتون کی لاش لندن میں واقع اپنے گھر میں ڈھائی سال تک پڑی رہی تاہم اتنا عرصہ مالک مکان اور ہمسائے لاعلم رہے۔ 

گارجین کے مطابق 61 سالہ شیلہ سیلان کی موت لندن میں واقع ان کے گھر میں واقع ہوئی تھی تاہم لاش رواں سال فروری میں ڈھائی سال بعد ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔
خاتون اگست 2019 سے کرایہ نہیں ادا کر رہی تھیں جس کے بعد مالک مکان نے جون 2020 میں گیس کی سپلائی منقطع کر دی تھی۔
لندن کی مقامی عدالت نے خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جس میں معلوم ہوا کہ خاتون کو آخری مرتبہ اگست 2019 میں دیکھا گیا تھا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاش کے گل سڑ جانے کی وجہ سے موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مالک مکان اور پولیس نے بہت سے ایسے مواقع چھوڑے جب خاتون کی موت کے بارے میں بروقت علم ہو سکتا تھا۔
ہمسائیوں نے عدالت کو بتایا کہ خاتون سے متعلق ہاؤسنگ ایسوسی ایشن اور پولیس سے بار بار رابطہ بھی کیا گیا تھا لیکن کوئی جواب نہیں مل سکا۔میٹروپولیٹن پولیس کے کنٹرولر نے بھی مالک مکان کی غلط معلومات کی بنیاد پر بتایا تھا کہ خاتون کو زندہ دیکھا گیا ہے۔ 
 

مزیدخبریں