ایک نیوز: چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے حکومت اتحادیوں سے مشورہ کرتی تو پالیسیاں بہتر چلتیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ مزدوروں نے جدوجہد کر کے اپنا حق لیا ہے، پیپلزپارٹی ملک کے لئے 3نسلوں سے جدوجہد کر رہی ہے، پیپلزپارٹی نے مزدوروں کے ساتھ مل کر ملک کو آئین دیا، مزدوروں نے قائد عوام ذوالفقار بھٹو کے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد کی، پہلی بار ملک کے مزدوروں کو ان کے حقوق دیئے گئے، قائد عوام نے محنت کشوں کے لئے لیبر پالیسی دی، پیپلزپارٹی نے اسلامی،جمہوری،آئینی نظام اس ملک کو دلایا۔
انہو ں نے کہا پیپلزپارٹی مزدوروں اورمحنت کشوں کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، آپ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ مل کر بھی جدوجہد کی، ایک نہتی لڑکی آمروں کے مقابلے میں کھڑی تھی، مشرف ہویا ضیا کا دور،پیپلزپارٹی اور آپ نے ملکر سازشوں کو ناکام بنایا، مزدوروں کو محنت کا پھل ملے تو ہی معیشت کا نظام چل سکتا ہے، ملک کی معیشت کا دارومدارمحنت کش طبقے پر منحصر ہے، پاکستان میں بلاوجہ ہی مسائل پیدا کر لئے جاتے ہیں۔
چیئر مین پیپلزپارٹی نے کہا یکطرفہ کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا مشکل ہو جاتا ہے، جب فیصلے عوام کی مرضی کے مطابق ہوں تو عملدرآمد کرنا آسان ہوتا ہے، ہر نظام عوام کی مرضی سے چلتا ہے، جب حکمران اپنی مرضی کے فیصلے کرتے ہیں تو پورا نظام گر جاتا ہے، حکومت عوام کی مرضی کے بغیر چلے تو نقصان ہوتا ہے، حکومت اتحادیوں سے مشورہ کرتی تو پالیسیاں بہتر چلتیں، پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ایشوز کی سیاست ہونی چاہئے۔