ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ فائیو سائیڈ ورلڈکپ کیلئے10رکنی ہاکی ٹیم کا حتمی اعلان کردیا۔
رانا وحیدفائیو سائیڈ ہاکی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ ٹیم میں ارشد لیاقت، ذکریا حیات، عبدالحنان شاہد، معین شکیل، رانا عبدالوحید، محمد عبداللہ، مرتضیٰ یعقوب اور غضنفر علی شامل ہیں، عماد شکیل بٹ کی جگہ مرتضیٰ یعقوب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، گول کیپرز میں عبداللہ اشتیاق خان اور منیب الرحمان شامل ہیں۔ اولمپیئن شکیل عباسی ہیڈ کوچ، اولمپیئن دلاور حسین منیجرہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عماد شکیل بٹ کو مینجمنٹ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد کپتان اور ٹیم مینجمنٹ میں بحث ہوئی تھی۔
کپتان کا موقف ہے کہ گیم پلان نہ ہونے کے باوجود کھلاڑیوں نے پورا زور لگایا ،کھلاڑیوں کو شکست کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں ایک درجے بہتری کے بعد 15 ویں نمبر آ گئی۔عالمی رینکنگ میں ہالینڈ کا پہلا، بیلجیئم کا دوسرا اور بھارت کا تیسرا نمبر ہے ۔عالمی رینکنگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ایک درجہ بہتری اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد دیکھنے میں آئی جہاں قومی ٹیم نے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیم لگاتار تیسری مرتبہ اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔