ایک نیوز: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کل ملک گیر احتجاج کی کال دے دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے شدید مخالف محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے پر ہم کل لاہور میں احتجاج کریں گے بدھ کو راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا اسی طرح فیصل آباد، ملتان سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ہم محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تعیناتی اور الیکشن کی تاریخ نہ ملنے پر عدالت جارہے ہیں۔ سب سے پہلے عدالت میں جا کر پوچھیں گے کہ جب آئین کہتا ہے کہ ایک حکومت مستعفی ہو تو 90 روز میں الیکشن کرائے جائیں ۔ پھر کس قانون کے تحت ابھی تک پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ؟۔
اپنے ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کو وزیراعلیٰ بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالا ہوا ہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ انتشار نہ ہونے دیں۔ محسن نقوی ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹ کو لگائے گا جو الیکشن میں دھاندلی کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ یہ الیکشن میں ہمیں ہرا نہیں سکتے، اس لیے الیکشن نہیں کراتے، ہمارے مخالف لوگوں کا اب ایک پوائنٹ ایجنڈا ہوگا پی ٹی آئی کو کیسے دبانا ہے، یہ تب الیکشن کرائیں جب انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جنرل باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، توشہ خانہ کا کیس سب سے بڑا مزاق تھا، اس حکومت نے توشہ خانہ میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کیا تو کہتے ہیں کہ سیکرٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں، صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔