ایک نیوز: بھارت کے شہر بنگلور میں پولیس نے ایک 26 سالہ شہری کو ایک کم عمر پاکستانی لڑکی کو غیرقانونی طور پر ملک میں لانے اور اپنے ساتھ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بنگلور میں پولیس کے ڈپٹی کمشنر وائٹ فیلڈ گیریش کا کہنا ہے کہ انڈین شہری ملائم سنگھ یادیو پاکستانی لڑکی کے ساتھ ’لُڈو‘ گیم آن لائن کھیلا کرتا تھا۔
پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ لڑکی کا تعلق پاکستان کے شہر حیدرآباد سے ہے جبکہ ملائم سنگد یادیو کا تعلق انڈین ریاست اُتر پردیش سے ہے اور وہ بنگلور میں بحیثیت سکیورٹی گارڈ نوکری کرتا ہے۔
پولیس کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ’یہ شخص سکیورٹی گارڈ کی حیثیت سے نوکری کرتا تھا اور ساتھ آن لائن لوڈو کھیلتا تھا۔ پچھلے سال یہ ایک کم عمر پاکستان لڑکی کے ساتھ رابطے میں آیا اور حال ہی میں اس نے اپنی پاکستانی دوست سے بنگلور آنے کا کہا تاکہ وہ دونوں شادی کر سکیں۔ انہوں نے ستمبر 2022 میں نیپال کے ذریعے انڈیا آنے کا منصوبہ بنایا۔‘
پولیس کی جانب سے ملائم سنگھ یادیو کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پاکستانی لڑکی کو غیرملکیوں کی رجسٹریشن کرنے والے ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے اس مکان کے مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے جہاں پاکستانی لڑکی اور ملائم سنگھ یادیو رہائش پزیر تھے۔
ملزم کے خلاف دھوکہ دینے، شادی چھپانے، غیر ملکی کی موجودگی کی اطلاع نہ دینے اور کاغذات میں غیرقانون تبدیلی کرنے جیسے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
آن لائن لُڈو پر دوستی، پاکستانی لڑکی کو انڈیا بُلانے والا شخص گرفتار
Jan 23, 2023 | 17:02 PM