ایک نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی میں نامزد سابق سپیکر اسد قیصر کی اخراج مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی میں نامزد سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت اسد قیصر کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ اسد قیصر پر الزام ہے کہ انہوں نے عمران خان کی ایما پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، یہ بھی الزام ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس کو ڈرایا دھمکایا لیکن کسی ایک شخص کا بیان درج نہیں کیا گیا جسے ڈرایا دھمکایا گیا ہو۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو یہاں اخراج مقدمہ کے لیے آئے ہیں۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ کیا کسی بیان میں اسد قیصر کا نام ہے۔
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ بیان میں اسد قیصر کا نام موجود ہے، ان کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو ڈرایا دھمکایا گیا۔
عدالت نے سابق اسپیکر اسد قیصر کی اخراج مقدمہ کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے کا چالان جمع ہوچکا، معاملہ ٹرائل کورٹ میں ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے شہباز گل کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اسد قیصر و دیگر کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا۔