قومی اسمبلی میں واپسی،اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے ہے،پی ٹی آئی کا اعلان

Jan 23, 2023 | 13:54 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:   قومی اسمبلی میں واپسی اور  استعفے منظور ہونے سے روکنے کےلیے پی ٹی آئی ارکان کی دوڑیں لگ گئیں۔پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جانے کا مقصد مخصوص ہے، ہم نے وہاں بیٹھنا نہیں اپوزیشن لیڈر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ جو اسمبلی تحلیل ہوئی اس پر الیکشن کرایا جائے جب کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے، الیکشن کمیشن سے تمام پہلوؤں پر کھل کر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے 45 ا راکین ہیں، استعفوں پر لیڈرشپ کی میٹنگ ہے جس میں اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کا نام آئے گا، پھر مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے یہ کہا گیا کہ پی ٹی آئی والے اسمبلی سے باہر ہیں وہ تنخواہیں لے رہے ہیں، 10 اپریل سے آج تک 127 اراکین کو اسمبلی سے کوئی پیسہ وصول ہوا اور نہ ہم نے مطالبہ کی، اگر لاجز میں کچھ لوگ رہ رہے ہیں تو وہ اس کا کرایہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اسمبلی میں جانے کا مقصد مخصوص ہے، ہم نے وہاں بیٹھنا نہیں اپوزیشن لیڈر بنانا ہے۔تحریک انصاف کے 45اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفوں کی واپسی کے لیے اسمبلی کی آفیشل ای میل پر درخواستیں ڈال دیں ہیں۔تحریک انصاف کے اراکین نے استعفوں کی واپسی کی درخواستیں سپیکر کو واٹس ایپ بھی کر دی ہیں۔آفیشل ای میل اور واٹس ایپ پر درخواستیں آج صبح ساڑھے آٹھ بجے بھجوائی گئیں۔ اب اگر سپیکر نے ہمارے استعفے منظور کیے تو عدالت اس اقدام کو اُڑا کر رکھ دے گی۔ 

واضح رہے کہ  پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی سیکورٹی سخت کر دی گئی تھی، الیکشن کمیشن کے باہر پولیس،ایف سی اور پنجاب رینجرز کی بڑی تعداد تعینات کردی گئی تھی جبکہ شاہراہ دستور سے منسلک گیٹ بھی عام افراد کیلئے بندکر دیا گیا تھا،پارلیمنٹ ہاؤس اور منسٹرز کالونی کے بعد تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی سے الیکشن کمیشن پہنچ گئے تھے،تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کو الیکشن کمیشن کے اندر جانے سے روک دیا تھا۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے 2افراد کو الیکشن کمیشن کے اندر جانے کی اجازت مل گئی تھی۔تحریک انصاف کی طرف عامر ڈوگر اور  ریاض فتیانہ الیکشن کمیشن کے اندر چلے گئے تھے۔پی ٹی آئی کے نمائندہ وفد کی استعفے واپس لینے کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی،پی ٹی آئی کے وفد میں عامر ڈوگرا ور ریاض فتیانہ شامل تھے۔

مزیدخبریں