لاہور: بجلی کا بریک ڈاؤن، ہسپتالوں میں مریضوں کو مشکلات کا سامنا

Jan 23, 2023 | 13:19 PM

ایک نیوز: بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے اثرات ہسپتالوں تک پہنچ گئے۔ مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے اثرات ہسپتالوں پر پڑنے لگے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق ہسپتالوں کے مختلف وارڈز میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے بعض ہسپتالوں میں آج ہونے والی سرجرییز ملتوی کر دی گئیں۔  

بتایا گیا ہے کہ ایم آر آئی، سٹی سکین، ایکسرے مشینوں پر ٹیسٹ روکے جاچکے ہیں۔ لاہور، ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز اور آئی سی یو میں جنریٹرز سے بجلی کی فراہمی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان ریجن میں بجلی ٹرپ ہونے سے پورے ملک میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، ذرائع لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بتانا ہے کہ لاہور سمیت تمام بڑے، چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آیا۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث اورنج لائن ٹرین کو بند کردیا گیا۔

 کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، کراچی شہر کا 90 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے، جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ان میں گلستان جوہر، گلشن جمال، راشد منہاس روڈ، رونگی، ملیر، قیوم آباد، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

مزیدخبریں