لاہور: کنٹینرز کی کلیئرنس نہ ہونے کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج

لاہور: کنٹینرز کی کلیئرنس نہ ہونے کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج
کیپشن: Lahore: The business community protested against the non-clearance of containers(file photo)

ایک نیوز: موجودہ ملکی حالات میں تجارتی سامان کی قلت اور کنٹینرز کی کلیئرنس نہ ہونے کیخلاف تاجر برداری سراپا احتجاج ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی تاجر برادری نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج مظاہرہ کیا ہے۔ جس میں انہوں نے اپنے مطالبات کی منظوری کی مانگ کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ احتجاج تجارتی سامان کی قلت اور کنٹینرز کی کلئیرنس نہ ہونے کے معاملے پر کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ایف پی سی سی آئی، پیاف، انجمن تاجران سمیت مختلف صنعتی وتجارتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ 

تاجر برادری نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) نہیں کھولی جارہیں۔ جس کی وجہ سے سامان بندرگاہوں پر خراب ہورہا ہے اور پروڈکشن کے مسائل درپیش ہیں۔ اس وجہ سے کاروبار سکڑتے جارہے ہیں اور مزدور طبقہ بےروزگار ہوتا جارہا ہے۔ 

احتجاجی مظاہرے میں چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگا، وائس چیئرمین پیاف طاہر منظور چودھری اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار سمیت دیگر نے شرکت کی۔ 

واضح رہے کہ پاکستان میں بینکوں کی جانب سے ایل سیز نہ کھولے جانے کی وجہ سے معاشی بحران سنگین ہوتا جارہا ہے۔ ہزاروں کنٹینرز بندرگاہوں پر پڑے ہیں۔ جن کی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے معاشی پہیہ جام ہورہا ہے۔ اور کاروبار بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔