ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر ہاؤس جانے سے روکنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہوئے لیکن ان کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کی قیادت میں پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی آئے تھے۔
اس موقع پر عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیکریٹری قومی اسمبلی یا اسپیکر ہم سے ملاقات کریں تاکہ استعفے واپس لیں، آج 45 اراکین اسمبلی اسپیکر آفس میں آئے تھے۔ہم نے اسپیکر کو ای میل کر دیا اور وٹس ایپ بھی کر دیا ہے۔کس کے حکم پر آج پارلیمنٹ ہاؤس کو تالے لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج سینیٹ کا اجلاس تھا وہ بھی ملتوی کر دیا گیا،جب تک انتخابات نہیں ہونگے ہم بھاگنے نہیں دیں گے،ہم اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کی رہائش گاہ جائیں گے،آج اسپیکر کے گھر جا کر ان کے اسٹاف سے ملاقات کریں گے،ہم اسمبلی کوئی مراعات لینے نہیں جا رہے ہیں،ہم شہباز شریف کو ہٹانا چاہتے ہیں۔سپیکر ہاؤس کے بعد تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی جائیں گے ،تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی چیف الیکشن کمشنر کو اپنے استعفوں کی واپسی کے متعلق آگاہ کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما لال ملہی نے کہا کہ عمران خان نے فیصلہ کیا کہ استعفے واپس لیں، ہم 45 ممبران نے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جیسے اسمبلی کو تالے لگے ایسے مارشل لاء میں بھی نہیں ہوا۔