پنجاب اور کے پی کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد

Jan 23, 2023 | 10:30 AM

ایک نیوز: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی نگران حکومتوں کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ جس کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نگران حکومتیں الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی تمام وزارتوں، ڈویژن، محکموں اور اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ 

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر کسی سرکاری ملازم کی تقرری یا تبادلہ نہیں ہوگا، اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں کسی ترقیاتی منصوبےکا اعلان نہیں کیا جائے گا، خیبرپختونخوا، پنجاب اورکینٹ بورڈ کے تمام ترقیاتی فنڈز انتخابات کے نتائج کے اعلان تک منجمد رہیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ سیاسی بنیاد پر بھرتی شدہ تمام اداروں کے سربراہان کو فوری برطرف کیا جائے، سابق وزرائے اعلٰی، وزراء، مشیران کی سرکاری رہائش گاہیں خالی کرائی جائیں اور سرکاری گاڑیاں بھی واپس لی جائیں۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ نگران وزرائے اعلیٰ اور وزراء تین روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔

مزیدخبریں