ملک بھر میں بجلی غائب،وزیر توانائی کی مکمل بحالی کیلئے رات 10 بجے تک کی ڈیڈلائن

Jan 23, 2023 | 10:14 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا کوئی بڑا فالٹ نہیں آیا، امید ہے آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک بھر میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، پشاور اور اسلام آباد میں بعض گرڈ سٹیشن بحال کر دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاور جنریشن کے وقت ایک ایک میگا واٹ کو دیکھا جاتا ہے کہ اس سے پاور ٹیرف پر کیا اثر پڑے گا اور موسم سرما میں چونکہ بجلی کی طلب کم ہوتی ہے اس لیے سسٹم کو رات کے وقت زیادہ تر سسٹم کو بند کر دیا جاتا ہے اور صبح ایک ایک کر کے سسٹم کو دوبارہ آن کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں بجلی کا بریک ڈاؤن

انہوں نے بتایا کہ آج صبح 7 بجے کے قریب جب ایک ایک کر کے سسٹم کو آن کیا جا رہا تھا تو اس دوران جامشورو اور دادو کے درمیان فریکوئسی کی کمی کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا بریک ڈاؤن شمال سے جنوب تک آیا ہے اور ہم آہستہ آہستہ جنوب سے شمال کی طرف سسٹم بحال کر رہے ہیں، تربیلا اور وارسک سے کچھ سسٹم بحال کرنا شروع کر دیے ہیں، ایک محتاط اندازے کے مطابق اگلے 12 گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، کوشش ہے اس سے پہلے ہی بجلی کی مکمل بحالی ہو جائے۔

وفاقی وزیر برائے توانائی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کا معاملہ تھوڑا سا پیچیدہ ہے، کراچی میں کے الیکٹرک کا اپنا سسٹم بھی موجود ہے لیکن کراچی کو نیشنل گرڈ سے جو 1100 میگا واٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے وہ چند گھنٹوں میں بحال ہو جائے گی۔
 

مزیدخبریں