شاہی خاندان کے نام پر ہوٹل سے لاکھوں کا فراڈ کرنے والا گرفتار

شاہی خاندان کے نام پر ہوٹل سے لاکھوں کا فراڈ کرنے والا گرفتار

ایک نیوز:  شاہی خاندان کا ملازم بتاکر بھارتی ہوٹل کو 23 لاکھ کا چونا لگانے والا ملزم گرفتار ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں خود کو شاہی خاندان کا ملازم بتا کر تین مہینے تک نئی دہلی کے  لگژری ہوٹل میں رہنے کے بعد 23 لاکھ کا بل ادا کیے بغیر فرار ہو جانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔  ملزم کی شناخت محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن سروجنی نگر میں ہوٹل کے مینیجر انوپم داس گپتا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی تھی  جس کے بعد ملزم کو جنوبی کناڈا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزم کے خلاف دفعہ نمبر 419،420 اور 380 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے چند ماہ قبل خود کو ابو ظبی کی رائل فیملی کا ملازم ظاہر کیا اور  نئی دہلی کے ایک لگژری ہوٹل میں کمرہ لیا اور چند ماہ تک اس ہوٹل میں قیام پذیر رہا۔ جس کے بعد جعلساز ہوٹل میں رہائش اور دیگر اخراجات کی مد میں 23 لاکھ روپے کا بل ادا کیے بغیر غائب ہوگیا تھا۔محمد شریف کے خلاف ہوٹل انتظامیہ نے فراڈ کا مقدمہ درج کروایا تھا، محمد شریف نے یکم اگست کو لیلا پیلس میں روم نمبر 427 لیا اور 20 نومبر کو خاموشی سے چلا گیا جبکہ ملزم نے ہوٹل سے کراکری سمیت مختلف اشیا بھی چرائی۔

پولیس کے مطابق محمد شریف نے ہوٹل انتظامیہ کو بتایا کہ وہ متحدہ عرب امارات کا رہائشی ہے اور اس کا وہاں اس کا ذاتی کاروبار ہے جب کہ وہ ابو ظبی کی شاہی فیملی کا ذاتی ملازم ہے۔ملزم نے یو اے ای کا رہائشی کارڈ اور دیگر دستاویزات بھی ہوٹل انتظامیہ کو دکھائیں۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کردیا ہےجس کے بعد ملزم کے ریمانڈ حاصل کرتے ہوئے مزید تفتیش جاری ہے۔