ملک بھر میں بارشیں و برفباری،سردی کی شدت میں مزیداضافہ

Jan 23, 2023 | 09:28 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: ملک بھر میں کہیں بارش ، کہیں برفباری اور کہیں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں سمیت شمالی بلوچستان میں غیرمعمولی سردی اور برفباری سے معمولات زندگی شدید متاثرہوئے ہیں، آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تین روز سے جاری برف باری کا سلسلہ رک گیا  جبکہ وادی گریس میں تین فٹ، کیل، شاردہ میں دو ، دو فٹ تک برف پڑنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

برفباری کے باعث بند ہونے والی کوئٹہ چمن شاہراہ، کوئٹہ قلعہ سیف اللّٰہ شاہراہ اور بلوچستان کی قومی شاہراہیں کھول دی گئیں، تاہم قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، زیارت اور قلعہ سیف اللّٰہ کے بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران استور میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9، ہنزہ منفی 7، اسکردو منفی 6، قلات منفی 5، کوئٹہ منفی 4، اسلام آباد 3، پشاور 6، لاہور 9 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

برفباری کے بعد ملکہ کوہسار مری، آزاد کشمیر کی نیلم ویلی اورسوات میں سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان مقامات کا رخ کرلیا ہے ۔

دوسری جانب سندھ کا مری کہلائے جانے والے گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی گزشتہ روز ہلکی برف باری ہوئی جہاں درجہ حرارت صفر سے نیچے گرگیا۔

مزیدخبریں