لاہور قلندرز ہاکی پلیئرز ڈویلمپنٹ ٹرائلز کے دوسرا مرحلہ کل سے آغاز

لاہور قلندرز نے ہاکی کو بھی ٹھیک کرنے کا ذمہ اٹھا لیا

Feb 23, 2023 | 16:16 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: لاہور قلندرز ہاکی پلیئرز ڈویلمپنٹ کے لیے ٹرائلز کا دوسرا مرحلہ کل لاہور میں ہوگا۔ لاہور قلندرز کے زیراہتمام اوپن ہاکی ٹرائلز جمعہ کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے ہاکی اسپورٹس کمپلیکس میں لاہور قلندرز کے زیر اہتمام اوپن ٹرائلز کا آغاز ہوگیا تھا۔ لاہور قلندرز کے زیر اہتمام منعقدہ ٹرائلز میں ہاکی کے نوجوان کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ٹرائلز کی نگرانی سابق ہاکی اولمپئنز نے کی۔ لاہور قلندرز کے اسکواڈ نے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی زیر قیادت ہاکی ٹرائلز کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی ، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور قلندرز  عاطف رانا،  ہیڈ کوچ عاقب جاوید بھی موجود تھے۔سینکڑوں کھلاڑی ٹرائلز دینے کے لیے گراؤنڈ پہنچے تھے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم سخت سکیورٹی حصار میں پہنچی اور کرکٹرز نے ہاکی گراؤنڈ کا چکر لگایا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ہاکی اسٹک پکڑی اور ہِٹ لگائی۔

لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا تھا کہ توقعات سے زیادہ نوجوان ٹرائلز کیلئے آئے اس وجہ سے ٹرائلز کا دورانیہ مزید دو روز بڑھایا جارہا ہے۔ قلندرز لیگ سے 50 کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ان کو  اسکالر شپ دی جائے گی ان کے کھیل میں نکھار لایا جائے گا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ قومی ہاکی کا سنہری دور  واپس لانے کا کام حکومتوں کا ہوتا ہے لیکن  عاطف رانا نے نیک کام کیلئے قدم بڑھایا ہے تو سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن  حیدر حسین نے ہاکی گراؤنڈ میں لاہور قلندرز کی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔کراچی کے ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد لاہور میں بھی ہاکی ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا پھر قلندرز  ہاکی لیگ میں کراچی اور لاہور کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

مزیدخبریں