ایک نیوز ( سدھیر چودھری): لاہور میں اے سی سی اے کی جانب سے غیریقینی صورتحال میں ترقی کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اے سی سی اے کا غیریقینی صورتحال میں ترقی کے موضوع پر سیمینار لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوا۔ سیمینار میں مختلف ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور نمائندگان نےشرکت کی۔ چیئرمین اے سی سی اے اسد حمید خان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی مستحکم پالیسیوں سے جڑی ہے۔ بانی چئیرمین اخوت پاکستان ڈاکٹرامجد ثاقب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مواخات مدینہ ہی ترقی کا زینہ ہے۔ مادیت کو بڑھاوا دیتے ہوئے کمزوروں کا سہارا بننا ترقی ہے۔ مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں ذاتی گروتھ کی بجائے مجموعی گروتھ کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ موجودہ صورتحال میں زندگی گزارنے کے طریقے تبدیل کرنا ہوں گے۔ درآمدات پر انحصار کم کرکے مقامی پیداواری لاگت کم کرکے بہتر مصنوعات بنانا ہوں گی۔
اے سی سی اے کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ غیریقینی صورتحال میں ترقی کے لئے ہمیں زندگی گزارنے کے طریقے تبدیل کرنا ہوں گے جبکہ پیداواری لاگت کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے کم رکھنا ہوگا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنانا ہوں گی، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو گزارنے کا طریقہ کار تبدیل کریں اور جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے کر ترقی کے زینے چڑھیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے توانائی پیدا کرنے کے لئے مقامی ذرائع پر انحصار کرنا، معدنیات کے بہتر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں کو پیش نظر رکھ کر مستحکم معاشی پالیسیاں ترتیب دینے پر زور دیا ہے۔