وزیردفاع کا دورہ افغانستان: دہشتگردی کے تدارک پر بات ہوئی، ترجمان وزیرخارجہ

Feb 23, 2023 | 12:34 PM

ایک نیوز: دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ چین کو ہر موسم کا ساتھی اور دوست سمجھتے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بدستور تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع کی سربراہی میں افغانستان کا دورہ کیا گیا، دورے میں دہشت گردی کے تدارک اور بالخصوص ٹی ٹی پی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کل ہونے والے مذاکرات سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تھے، دونوں ممالک نے دہشت گردی سے مل کر نمٹنے پر اتفاق کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے تحت خواتین اور اسلام کے موضوع پر 8 مارچ کو کانفرنس کر رہا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور کینیا کے صدر کے درمیان کل فون پر گفتگو ہوئی، وزیرِ اعظم نے شہید صحافی ارشد شریف کے معاملے پر بھی بات کی، شہباز شریف نے کینیا کے صدر سے پاکستانی صحافی کے قتل سے متعلق تحقیقاتی ٹیم سے تعاون پر شکریہ ادا کیا، وزیرِ اعظم نے اس تحقیقات میں مزید تعاون کی درخواست بھی کی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ہنگری کا دو روزہ دورہ حال ہی میں مکمل کیا ہے، دورے میں مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط ہوئے، مفاہمت کی ایک یادداشت دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیز کے باہمی تعاون کے بارے میں ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستان کے طلبہ کی تعداد میں سو فیصد اضافہ ہو گا۔

وزیر خارجہ نے جرمنی اور لیتھوانیا کے دورے بھی کیے۔ میونخ کانفرنس کی سائڈ لائنز پر وزیر خارجہ نے اہم ملاقاتیں کیں۔ بلاول بھٹو زرداری لیتھوانیا کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر خارجہ ہیں۔  

وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج تاشقند روانہ ہوں گے۔ پاکستان ازبکستان کے درمیان تجارت،ٹراسپورٹ،زراعت سمیت اہم امور پر بات ہو گی۔

مزیدخبریں