اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں، 11 فلسطینی جاں بحق

Feb 23, 2023 | 10:38 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس پر کارروائی کی جس سے 11 فلسطینی جاں بحق جب کہ 80  شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نابلس پر جارحیت کے نتیجے میں مرنے والے شہریوں کی عمریں 23 سے 72 سال کے درمیان تھیں۔ کارروائی کے دوران 50 سے زائد افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اعلیٰ فلسطینی اہلکار حسین الشیخ نے اس  کو قتل عام قرار دیتے ہوئے اپنے لوگوں کے لیے عالمی تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔مرنے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد گزشتہ ماہ جنین میں اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران جاں بحق افراد کے برابر ہے جو 2005 کے بعد مغربی کنارے کی مہلک ترین کارروائی تھی۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کی افواج شمالی مغربی کنارے کے شہر میں کارروائی کر رہی تھیں، چھاپے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوجی فائرنگ کی زد میں آئے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

 صحافی کی جانب سے اسرائیلی فورسز کو فلسطینیوں پر آنسو گیس فائر کرتے ہوئے دیکھا جبکہ شہریوں نے ٹائر جلائے اور فوجی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا۔ صحافی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی تین گھنٹے کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس سے واپس گئے۔

فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ طبی ماہرین نے کم از کم 45 ایسے زخمیوں کا علاج کیا جنہیں گولیاں لگیں، اس کے علاوہ 250 ایسے شہریوں کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی جو آنسو گیس کے باعث سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہے تھے۔اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ کے لیے مندوب برائے امن ٹور وینز لینڈ کی جانب سے فوری ترجیح کے طور پر تشدد روکنے کی اپیل کے بعد کی گئی ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی بستیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر نئی بستی امن کی راہ میں ایک اور رکاوٹ ہے، اسرائیلی آباد کاری کی تمام سرگرمیاں عالمی قانون کے تحت غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنا چاہیے، کوئی واقعہ یا کوئی بھی وجہ کسی بھی دہشت گردی کا جواز نہیں بن سکتی ہے۔

ابتدائی 53 روز کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے بچوں سمیت 56 فلسطینی شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس عرصے کے دوران ایک اسرائیلی پولیس افسر نو شہری اور ایک یوکراینی شہری مارا گیا ہے۔

مزیدخبریں