لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشتگرد ہلاک

Feb 23, 2023 | 09:44 AM

ایک نیوز: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے کی جانے والی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں دہشت گردوں میں سے 4 کی شناخت ضیا اللہ ، صفت اللہ، محب اللہ اور کلیم اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دیگر دو دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ 

محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا دہشت گردوں سے مقابلہ لکی مروت کے علاقے ڈاڈیوالہ میں ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور دہشت گردی میں ملوث تھے۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا ہے کہ ڈاڈیوالہ کےعلاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔

سی ٹی ڈی حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقابلے سے قبل دہشت گرد پولیس چوکی عباسیہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مزیدخبریں