آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج

آصف زرداری اور فواد چودھری کی نااہلی کی درخواستیں خارج
اسلام آباد: ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری اور فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواستوں پر سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں۔ دونوں کو ان کے عوام نے منتخب کر رکھا ہے۔
عدالت نے کیس میں ریمارکس دیے کہ جب عوام نے منتخب کر رکھا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟ ہر سیاسی جماعت نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ ٹیم رکھی ہے۔ عدالتوں میں اپنےمعاملات لاتے ہیں جس کیخلاف فیصلہ آئے وہ ٹرولنگ شروع کرتا ہے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ جب یہ سب ہونا ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں؟ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139نمبر پر ہیں۔ یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں پورے گورننس سسٹم کی ہوتی ہے۔
عدالت نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والے فیکٹرز کی کاپی وکلا کو دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے؟ میں نہیں کہتا عدالتیں بہت اچھی ہیں لیکن پورا سسٹم دیکھیں۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے کہ جب دو لاکھ لوگ ایک نمائندہ منتخب کریں تو پھر ایک غیر منتخب جج کیوں اسے نااہل قرار دے۔ کسی نے رپورٹ نہیں پڑھی کہ عدالتوں کی ریٹنگ کیوں 139 نمبر پر آئی ہے۔
عدالت نے مذید ریمارکس دیے کہ وہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں بلکہ گورننس سمیت دیگر فیکٹر لکھے ہیں۔ نااہلی کیس عدالت کیوں سنے؟ آج سیاسی جماعتیں چاہیں تو سوشل میڈیا ٹھیک ہو جائے۔ سیاسی لوگ اپنے لوگوں کو کہیں غیر مہذب بات نہ کریں، جھوٹی خبریں نہ دیں تو سوشل میڈیا ٹھیک ہو جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گذشتہ سماعت میں دونوں کیسز کو یکجا کر دیا تھا۔