لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے سے بڑا کوئی مذاق نہیں:بلاول بھٹو 

Dec 23, 2024 | 16:58 PM

 ایک نیوز: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے  لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے سے بڑا کوئی مذاق نہیں  ہے۔  

تفصیلات کے مطابق  جامشورو میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول  بھٹوزرداری نے کہا  طلبہ کو ڈگریاں وصول کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، طلبہ کے اساتذہ اور والدین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ لوگوں کو دیکھ کر اپنا زمانہ طالب علمی یاد آرہا ہے، کامیاب طلبہ اپنی زندگی کے نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں، آپ نے عملی زندگی میں ملک کیلئے خدمات انجام دینی ہیں۔  

انہوں نے کہا   ملک کی معاشی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے،ڈگری کی تکمیل ایک سنگ میل ہے،تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جو آپ سے کوئی نہیں چھین سکتا، تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں، تعلیم نوجوانوں کو اپنے اہداف کے حصول میں مدد دیتی ہے، فارغ التحصیل طلبہ اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں نے عملی زندگی میں محنت اور جدوجہد کو اپنا شعار بنانا ہے، نوجوان دنیا بھر میں علم کی بدولت اعلیٰ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔  

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا  موسمیاتی تبدیلی آنے والی نسلوں کے لیے خطرہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا  ہوں گے ،  نئی نسل کو مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں اپنا پانی محفوظ کرنا ہوگا،سستی بجلی پیدا کرنا ہوگی، موسمیاتی تغیر کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، گلیشیئر پگھلنے سے بے موسمی بارشوں و سیلاب کی صورتحال کا سامنا ہوتا ہے، ہمیں آنے والے وقت کے لیے تیاری کرنا ہوگی، ہمارا ملک وسائل سے مالا مال ہے، کوئلے،ہوا اور پانی سے سستی بجلی زیادہ سے زیادہ پیدا کرنا ہوگی۔  

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا  کہ  نہریں بنانے سے پہلے ملک کے مستقبل کا سوچیں، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے سے بڑا کوئی مذاق نہیں، یہاں آ کردیکھیں، ترقیاتی بجٹ60سال کی عمر کے لوگ ہیں،  26ویں آئینی ترمیم میں پہلی بار اچھے ماحول کو شامل کیا گیا، ہم نے ڈیجیٹل بل آف رائٹس کے لیے آواز اٹھانی ہے،ہمیں آج کے زمینی حقائق اور چیلنجز کو دیکھ کر منصوبہ بنانا ہوگا۔   

مزیدخبریں