تیسراون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریکا کو شکست دیکر پہلی بار وائٹ واش کردیا 

تیسراون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریکا کو شکست دیکر پہلی بار وائٹ واش کردیا 
کیپشن: Third ODI: Pakistan whitewashed South Africa for the first time

ویب ڈیسک:ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 36 رنز سے شکست دیکر سیریز 0-3 سے جیت لی۔

گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے، صائم ایوب 101 رنز کیساتھ نمایاں رہے، انہوں نے دو چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی، یہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسری جبکہ اُن کے کیریئر کی تیسری سنچری ہے۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے 1 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے، پھر صائم ایوب اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو بڑھایا، تاہم بابر اعظم 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 53 اورنائب کپتان سلمان آغا 48، طیب طاہر 28 ، محمد حسنین 4 جبکہ کامران غلام اور شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

جنوبی افریقا کے ربادا نے 3، جینسین اور فوچیون نے 2،2 جبکہ کوربن بوش اور مپ ہاکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

قبل ازیں جوہانسبرگ میں ہونیوالے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ٹیمبا بووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی، بارش کے باعث ہر اننگز کو 47 اوور تک محدود کیا گیا۔

جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 271 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ہیزچ کلاسن 81 رنز بنا کر ٹاپ سکور رہے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ نے 2، 2 محمد حسنین، صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، سفیان مقیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، صائم ایوب میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔