ویب ڈیسک: کراچی میں پشاور سے کینٹ اسٹیشن پہنچنے والی عوامی ایکسپریس میں بم ملنے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بم نے دوپہر کو سکھر اسٹیشن پر پھٹنا تھا۔
پولیس کی جانب سے عوامی ایکسپریس سے بم برآمد ہونے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔
ریلوے پولیس کے مطابق اسٹیشن پر عوامی ایکسپریس کی سیٹ کے نیچے رکھے ایک بیگ میں بم برآمد ہوا۔
ریلوے پولیس نے بتایا کہ مشکوک بیگ میں بیٹری نما چیز تھی جس میں تاریں لگی ہوئی تھیں۔
بعد ازاں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس بات کی تصدیق کی کہ بیگ سے برآمد ہونے والی بیٹری نما چیز بم تھا، اور اسے ڈفیوز کردیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ کینٹ اسٹیشن پر پشاور سے کراچی آنے والے ٹرین سے ملنے والے بم کی ڈیوائس ناکارہ تھی، ٹرین پشاور سے کراچی پہنچی تھی اور بم پشاور اسٹیشن پر رکھا گیا تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق بم میں ٹائمر دوپہر 12 بجے کا لگا تھا، دوپہر 12 بجے ٹرین سکھر اور روہڑی جنکشن پر تھی،لیکن بم ڈیوائس ناکارہ ہونے کی وجہ سے وہاں دھماکہ نہیں ہوا۔
ڈی آئی جی اسد رضا نے کہا کہ کینٹ اسٹیشن پہنچنے کے ایک گھنٹے بعد ٹرین میں بم کی موجودگی کی اطلاع ملی، ہم پشاور سے کراچی تک تمام ریلوے اسٹیشنز کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کررہے ہیں، ملزمان کے خلاف کینٹ اسٹیشن تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔