ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں انسانی امداد کی فوری اور بلاتعطل رسائی کی قرارداد مںظور کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 دن کے مذاکرات کے بعد سلامتی کونسل نےبالآخر غزہ پٹی میں فلاحی امدادکی فراہمی کی قرارداد منظور کرلی لیکن قرارداد میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی بات نہیں کی گئی۔
مغرمی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلامتی کونسل میں منظور کی گئی قرارداد میں غزہ میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے پائیدارحالات کے قیام کی بات کی گئی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں ضرورت کے مطابق فلاحی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے 13 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ روس اور امریکا نے ووٹ نہیں ڈالا۔
مغربی میڈیا کے مطابق امریکا نے قرارداد کو مضبوط پیش رفت قرار دےدیا جبکہ سلامتی کونسل قرارداد کے ردِعمل میں اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ جانے والی تمام فلاحی امداد کا معائنہ جاری رکھیں گے،۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ امدادی شپمنٹس کی راہ میں حائل اصل مسئلہ اسرائیلی حملے ہیں،غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق متحدہ عرب امارات کی قرارداد پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ووٹنگ پیر کو ہونا تھی لیکن مسلسل 4روز تک ووٹنگ مؤخر کردی گئی تھی۔
غزہ پر 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار سے متجاوز ہو چکی جبکہ 52 ہزار 586 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والے افراد میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جبکہ اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔