ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز سنائے گئے سائفر کیس کے فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں،لیکن عدالتی فیصلہ صرف ضمانت تک رہتا ہے تب بھی سوال اٹھتا ہے۔
ملک احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ملک پر الزام لگایا،عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کو بند لفافے سے بہت رغبت ہے،لفافے میں چاہے 190 ملین پاؤنڈ ہوں یا بند لفافے سے اسمبلی توڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کو بنیاد بناکر ماضی کی حکومت نے سیاست کی،سائفر کے بارے میں جلسوں میں تقاریر کی گئیں، قاسم سوری نے بطور ڈپٹی اسپیکرسربمہر لفافہ لہرایا، قاسم سوری نے کہا یہ لفافہ چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔
ملک احمد خان نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کالعدم ہوتی ہے تو الیکشن کمیشن اسے کیسے نشان دے گا۔