ایک نیوز: تحریک انصاف کےانٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو نہایت ناقص، غیرقانونی، متعصّبانہ اور انتخابات کی شفافیت پر سنگین حملہ قرار دیکر مسترد کردیا۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے فیصلے کے ذریعے ملک میں دستور، جمہوریت اور انتخابات کی شفافیت کو خاک میں ملانے کی کوشش کی ہے۔ الیکشن کمیشن ملک میں دستور سے انحراف کے جاری مکروہ عمل میں کلیدی سہولتکار ہے۔ اپنے آج کے فیصلے کے ذریعے الیکشن کمیشن نے مکروہ ”لندن پلان“ کے آخری حصے کو نافذ کرنے کی جانب قدم اٹھایا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے کے ذریعے ثابت کردیا کہ اسے صاف شفاف انتخابات میں دلچسپی ہے نہ یہ اس کی ترجیحات کا حصہ ہے، کمیشن کے یہ جانبدارانہ اور متعصّبانہ فیصلہ اپنی جگہ پر قائم نہیں رہ سکتا اسے اعلیٰ عدالت کے روبرو چیلنج کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ”بلّے“ کے نشان کے ساتھ انتخاب لڑے گی اور تاریخی کامیابی حاصل کرے گی، انشاءاللہ۔ کروڑوں پاکستانیوں کی نمائندہ سیاسی جماعت سے سازش کے ذریعے انتخابی نشان چھین کر ریاستی جبر سے اسے انتخابی عمل سے باہر کرنے کی کوششیں ہرگز کامیاب نہ ہو پائیں گی۔