شمالی وزیرستان: پاک فوج کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی ادارے کا قیام

Dec 23, 2023 | 09:11 AM

ایک نیوز: شمالی وزیرستان کے علاقے سربزئی گاؤں کے بچے کافی عرصے سے تعلیم جیسی بنیادی سہولت سے محروم تھے۔ اس ضمن میں سربزئی گاؤں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پاک فوج کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت محمد ماڈل سکول کا قیام عمل میں لایا گیا- 

شمالی وزیرستان میں اس سکول کے قیام کے حوالے سے پاک فوج نے اعلیٰ تعلیمی معیار کے مطابق اس سکول کے قیام کو عملی جامہ پہنایا۔ محمد ماڈل سکول تعلیمی اعتبار سے تمام جدید ترین سہولیات سے مزین ہے۔ جہاں طلباء اور طالبات کی نشوونما کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ 

طلباء اور طالبات کو بنیادی علوم سے متعارف کرانے کے لیے دلچسپ کتب اور دریافت کرنے کے لیے لائبریری کی سہولت بھی موجود ہے۔ طلباء و طالبات میں سیکھنے اور دریافت کرنے کی جستجو پیدا کرنے کے لیے تعلیمی ویڈیوز، دستاویزی فلمیں اور بچوں کو مشغول رکھنے کے لیےنصب کردہ سمارٹ ٹی وی کی بھی سہولت موجود ہے۔ 

طلباء اور طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے مفت یونیفارم،اسٹیشنری اور دلچسپ کتابوں پرمشتمل سکول بیگ وغیرہ بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ سکول میں ترقی یافتہ ممالک کے درس و تدریس نظام کو اپنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ طلباء کواسلامی اور روایتی بنیادی آداب بھی سکھائے جاتے ہیں۔ 

دور حاضر کی تمام جدید ترین تعلیمی سہولیات سے مزین پاک فوج کے اس قدم پر سربزئی گاؤں کی عوام بےحد خوش اور پاک فوج کی انتہائی مشکور ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ محمد ماڈل سکول نہ صرف تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اس سے سربزئی گاؤں کی شرح خواندگی بھی کافی حد تک بڑھ جائے گی۔

مزیدخبریں