ایک نیوز: پاک فوج اور سول انتظامیہ کے تعاون سے لائن آف کنٹرول پر واقع گاؤں ڈھوبہ بیدی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات مقامی لوگوں کو گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا تھا۔
فری میڈیکل کیمپ میں اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات پیش کیں۔ ماہر امراضِ نسواں کے علاوہ ماہر امراض چشم، ماہر امراض اطفال، جنرل سرجن اور میڈیکل اسپیشلسٹ بھی میڈیکل کیمپ کا حصہ تھے۔
گائناکالوجسٹ نے موبائل الٹراساؤنڈ مشین کے ذریعے 166 خواتین کا طبی معائنہ کیا اور مفت ادویات مہیا کیں۔ میڈیکل کیمپ میں 500 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی لیکچر کا بھی انعقاد کیا گیا۔ قریبی دیہاتوں سے مریضوں کی آمدورفت کے لیے گاڑیاں بھی مہیا کی گئیں۔ مقامی آبادی نے دور دراز علاقوں میں میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بھرپور سراہا اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
پاک فوج موسم سرما میں کنٹرول لائن کے ان علاقوں میں ڈاکٹروں کی ٹیمیں پیدل بھیجتی ہےجن کا رابطہ برف باری کی وجہ سے دوسرے علاقوں سے منقطع ہو جاتا ہے۔
ایمرجنسی مریضوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر ملٹری ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ پاک فوج کی ان خدمات کو مقامی لوگ بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔