امریکا: برفانی طوفان سے نظام زندگی تہس نہس،9 ہلاکتیں، درجہ حرارت منفی 45 ڈگری

Dec 24, 2022 | 12:42 PM

ایک نیوز نیوز: امریکا میں بومب سائکلون آگیا، شدید برف باری سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا۔جبکہ برفباری اور برفانی طوفان سے اب تک 9 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ 

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں شدید سردی کا راج ہے، شمالی اور جنوبی ریاستیں زد میں ہیں، 200 ملین افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ 9 افراد کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی اور مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت مسلسل گھٹ رہا ہے ، جو امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق رات کو صفر سے 23 درجے فارن ہائیٹ نیچے تک جا سکتا ہے۔ اگلے دو روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی صفر سے کم رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق ملک کے کئی حصوں میں آئندہ دو روز کے دوران درجہ حرارت منفی 45 سے منفی 70 تک گر سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ شدید برفانی طوفان کی وجہ سے دو دنوں  میں 4 ہزار 400 سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اوئرکے مطابق جمعرات کو 2 ہزار 350 امریکی پروازیں جبکہ جمعہ کو 2 ہزار  120 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔

ان کے علاوہ جمعرات کے روز 8 ہزار 450 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ شدید سردی میں برفانی طوفان سے شکاگو، ڈیٹرائٹ اور منیاپولیس کے شہروں میں سفری مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔

مسافر ریل سروس حکام نے مشی گن، الینوس، میسوری، نیویارک اور شکاگو مین درجنوں ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر تعطیلات کے دوران سفر نہیں کرسکیں گے۔

محکمہ موسمیات نے برفانی طوفان کو بومب سائیکلون اور ونس اے جنریشن قراردیا ہے، کئی علاقوں کا پارہ منفی 45 تک جاسکتا ہے، برفباری کے باعث امریکا میں ہزاروں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں اور ہائی ویز بھی بند ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ یہ عام برف باری نہیں ہے، شہری احتیاط کریں۔

مزیدخبریں